مینگلور20/ فروری (ایس او نیوز) جنگلی ہاتھیوں کے حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ جن کی شناخت رنجیتا (21 سال) اور رمیش رائے نائلا (55 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ واردات مینگلور سے قریب 85 کلو میٹر دور ضلع دکشن کنڑا کے کڈبا تعلقہ کے رانجی لیڈی گاوں میں پیر علی الصبح پیش آئی۔
بتایا جاتا ہے کہ پچھلے کئی مہینوں سے اس علاقے میں جنگلی ہاتھیوں کی دہشت بڑھ گئی ہے ۔ آج علی الصبح پیراڈکا مِلک سوسائٹی میں ملازم رنجیتا جب معمول کے مطابق ڈیوٹی پر جانے کے نکلی تو اس کے گھر کے قریب ہی جنگلی ہاتھی نے اس پر حملہ کردیا ۔ اس کی چیخ و پکار سن کر رمیش رائے نامی شخص اس کی مدد کے لئے دوڑ پڑا تو ہاتھی اس پر بھی حملہ آور ہوگیا ۔ رنجیتا نے موقع پر ہی دم توڑ دیا اور شدید طور پر زخمی رمیش رائے نے اسپتال لے جاتے وقت راستے میں آخری سانس لی ۔
ہاتھی کے حملے میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلات کے خلاف برہمی کا اظہار کیا ۔ اس دوران ایک مقامی شخص کی طرف سے جنگلی ہاتھیوں کے خوف اور دہشت کے بارے میں کی گئی ویڈیو ریکارڈنگ پولیس کی طرف سے ڈیلیٹ کیے جانے پر زبانی تکرار کے ساتھ ماحول کشیدہ ہوگیا ۔
عوام نے ضد پکڑ لی کہ جب تک وزیر اور ڈپٹی کمشنر موقع پر نہیں آتے تب تک مہلوکین کی آخری رسومات انجام نہیں دی جائیں گی ۔ موقع پر موجود لوگوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی پریشانیوں اور جنگلی ہاتھیوں کے مسلسل حملوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔